جے پور:04 /اپریل (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے نائب وزیراعلیٰ سچن پائلٹ نے وزیراعظم نریندر مودی پر عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ فوج کی بہادری کی آڑ میں اپنی پانچ سالوں کی ناکامیوں کو چھپانا چاہتے ہیں۔ریاستی کانگریس صدرمسٹرپائلٹ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی لوک سبھا انتخابات کے دوران ان کے معیاد کار میں راجستھان میں ندیوں کو جوڑنے، ہوائی اڈوں کی تعمیرکرنے، یونیورسٹی کھولنے، سڑکوں پر پل بنانے اورکسانوں اور مزدوں کی بھلائی کے منصوبوں کو شمارکیا جاناچاہیے لیکن وہ اپنی رپورٹ کارڈ چھپانے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں
انہوں نے کہا کہ فوجیوں کی عزت پورا ملک کرتا ہے، فوج کا سیاسی استعمال نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی کے دوران مسٹر مودی نے کہا تھا کہ اس سے نکسلی اور علیحدگی پسندوں کی سرگرمیاں بند ہوجائیں گی لیکن ان میں کوئی کمی نہیں آئی اوریہ مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے گڈھ چرولی میں نکسلیوں نے 16 جوانوں کو ہلاک کردیا۔ کچھ دنوں پہلے چھتیس گڑھ میں نکسل وادیوں نے بی جے پی کے ایم ایل اے کو قتل کردیا اوربھی کئی واقعات ہوتے رہے ہیں۔ سچن پائلٹ نے مودی سے مطالبہ کیا کہ ان حملوں کو لے کر وہ جواب دیں۔